پٹنہ،6؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) نے ”مودی سے بیر نہیں، نتیش تیری خیر نہیں“ کا راگ الاپ رہی لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی) کے خلاف سخت رخ اختیار کرتے ہوئے آج واضح کیا ہے کہ ریاست میں ان کی پارٹی وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں اسمبلی انتخاب لڑ رہی ہے اور نتیش کمار کی قیادت پر بھروسہ نہیں کرنے والوں کے لئے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
بی جے پی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنجے جیسوال نے آج جلد بازی میں طلب کی گئی پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی بہار میں وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں انتخاب لڑ رہی ہے۔ نتیش کمار کی قیادت پر اعتماد نہیں کرنے والوں کے لئے این ڈی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
سنجے جیسوال نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار کی قیادت میں بہار کے اسمبلی انتخاب میں قومی جمہوری اتحاد تین چوتھائی سیٹوں پر جیت درج کرے گی۔ وہ صرف دو منٹ کے لئے میڈیا کے سامنے موجود رہے اور نہ کسی سوال کا جواب دیا اور نہ ہی کوئی دوسری بات کی۔
واضح رہے کہ ایل جے پی کے قومی صدر چرا غ پاسوان وزیراعظم نریندر مودی کے ترقیاتی کاموں کی تشہیر کر رہے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ نتیش کمار پر طنز کرتے رہے ہیں۔ ایسے میں ایل جے پی کا این ڈی اے سے باہر ہونا اب یقینی مانا جا رہا ہے۔